ملتان(صباح نیوز)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو پر پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے ابرار احمد نے لنچ سے قبل 5 وکٹیں لیکر 13ویں پاکستانی بالر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
اسی طرح انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی بالر بھی بن گئے ہیں، اسپنر نے 22 اوورز میں 114 دیکر ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش ٹیم کے 5 کھلاڑیوں زیک کرولی 19، بین ڈکٹ 63، اولی پوپ 60، جو روٹ 8، ہیری بروک 9 کپتان بین اسٹوکس 30، ول جیکس 31 پر آئوٹ کیا تھا۔
اس سے قبل 1998 میں شاہد آفریدی، محمد سمیع، 2003 میں شبیر احمد، 2007 میں یاسر عرفات، 2010 میں وہاب ریاض اور تنویر احمد، 2018 میں بلال آصف جبکہ 2021 میں نعمان علی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔
امپائر علیم ڈار دنیا بھر میں اپنے صحیح فیصلوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ علیم ڈار کے فیصلوں کو چیلنج کرنا انتہائی مشکل ہے لیکن پاک انگلینڈ میچ میں اس سے کچھ مختلف ہوا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک انگلینڈ میچ کے پہلے سیشن میں ابرار احمد کی شاندار بولنگ نے انگلش ٹیم کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹا دیے۔ تاہم ابرار کی 3 گیندوں پر جب بولر اور پاکستانی ٹیم کی جانب سے آئوٹ کی اپیل کی گئی تو علیم ڈار نے ناٹ آئوٹ قرار دیا، کپتان بابر اعظم نے ریویو لیا تو پتہ چلا کھلاڑی آئوٹ تھا، یہ ایک بار نہیں بلکہ اس میچ میں تین بار ہوا۔ ایسے میں علیم ڈار ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے اور لوگوں نے ان پر ڈھیروں میمز بنا ڈالیں، اس کے علاوہ کچھ لوگوں نے تبصرے بھی کیے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے حیرانی والا ایموجی استعمال کرتے ہوئے لکھا ‘یہ دنیا میں کیا ہورہا ہے؟ علیم ڈار کے فیصلے غلط اور بابر کے ریویوز صحیح ہو رہے ہیں’۔ فرید خان نے کہا ‘علیم ڈار کو ایک ہی اوور میں دو مرتبہ اپنے فیصلے تبدیل کرنا پڑے، میں نے بہت کچھ دیکھ لیا زندگی میں’۔سحرش نامی صارف نے کہا ‘علیم ڈار کے ایک ہی اوور میں دو بار فیصلہ تبدیل کرنے کے بعد اب کیا دیکھنا رہ گیا ہے؟ اب ایلین ہمارے سیارے پر آئیں گے’۔ایک اور صارف نے کہا ‘علیم ڈار گزشتہ شب سوئے نہیں، عجیب چیزیں ہورہی ہیں’۔