اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ عمران خان جھوٹا ہے، ثابت ہوا کہ شہبازشریف نے کرپشن نہیں کی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے مانگی گئی معافی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ کرپشن نہیں تھی، اس لیے جھوٹا افسانہ گھڑا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ وزیراعظم کا اختیار جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال ہوا، ثابت ہوا کہ عمران خان نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے دوسروں کو چور چور کہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ علما بتائیں جھوٹا شخص لیڈر ہو سکتا ہے، بہتان اور تہمت لگانے والے کی کیا سزا ہے؟
۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بائیس سال سے عمران خان صرف جھوٹ بول رہا ہے، جھوٹ پر جھوٹ بولنے پر عوام عمران خان کی مذمت کرے۔