روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملک پر اعتماد کا مظہر ہے،مسعود خان

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی جانب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا مثبت رجحان ان کے جذبہ حب الوطنی اور ملک پر اعتماد کی غمازی کرتا ہے ، ہم  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور اپنے مالی اداروں کے درمیان اعتماد کے اس رشتے کو مزید مستحکم کرنے اور تارکین وطن کو اپنے ملک میں مالی ضروریات پورا کرنے کے حوالے سے آسان سہولیات فراہم کے لئے پرعزم ہیں۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات امریکہ میں روشن   ڈیجیٹل اکائونٹ کے فروغ  کے  حوالے سے بنک الحبیب اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ویبینار کا مقصد روشن ڈیجیٹل اکائونٹ  کے حوالے سے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو معلومات فراہم کرنا اور اس اقدام کو مزید کامیاب بنانا تھا۔شرکا ء کو بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ جو کہ ستمبر 2020میں شروع کیا گیا تھا ، کے تحت  اب تک 175 ممالک میں  485,873 اکائونٹ کھل چکے ہیں جن میں  5.30 بلین امریکی ڈالر  کی رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 3.34 بلین امریکی ڈالر جمع کئے ہوئے ہیں جبکہ ذاتی ادائیگیاں جو کہ مختلف شراکت دار بینکوں میں جمع کرائی گئی ان کا حجم  1.96 بلین امریکی ڈالر  ہے۔اس موقع پر معروف کرکٹ سٹار شاہد خان آفریدی، چیئرمین شاہد آفریدی فائونڈیشن، سید عرفان علی منیجنگ ڈائریکٹرسٹیٹ بینک آف پاکستان،منصور علی خان چیف ایگزیکٹو بینک الحبیب اور بینک کے دیگر سینئر عہدیداران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ان کی فائونڈیشن کے لئے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے اقدام کو مزید کامیاب بنائیں ۔ہیوسٹن، نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرلز نے شرکا کو آر ڈی اے کے  تحت پاکستانی کمیونٹی کے رجحان اور تاثرات سے آگاہ کیا اور مختلف شعبوں کی نشاندہی کی جہاں شریک بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔قنبر علی ہیڈ آر ڈی اے بینک الحبیب نے حاضرین کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ، اس کی پروڈکٹ لائنز اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروڈکٹس میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، روشن اپنی کار، روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ، روشن سماجی خدمت، روشن اپنا گھر اور روشن میوچل فنڈز شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بینک الحبیب نے روشن پنشن پلان بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت ایک فرد ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدہ آمدنی کو یقینی بنانے  کے لیے موجودہ آمدنی سے بچت کرتا ہے۔قنبر علی نے کہا کہ خصوصی سرٹیفکیٹس پر منافع سب سے زیادہ  اور پرکشش ہے ۔ شرکا ء کو بتایا گیا کہ سرٹیفکیٹس پر منافع یا اصل رقم کو واپس لانے میں کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ۔

مزید بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے تحت  صارفین کو شرعی بینکنگ، ڈیجیٹل اکائونٹ کھولنے،سوئفٹ چینلز کے استعمال، عطیات اور خیرات کرنے ، ای کامرس کی ادائیگیوں، بلوں کی ادائیگی ، انٹرنیٹ/موبائل بینکنگ کے ذریعے رقوم کی منتقلی اور فنانسنگ کی سہولت بھی  میسر کی جا رہی  ہے۔روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے مختلف فوائد کا ذکر کرتے ہوئے بینک الحبیب کی انتظامیہ نے بتایا کہ پہلی بار بیرون ممالک سے رقوم کی ترسیل کرنے والوں کو ہر ترسیل پر انعام دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے بارے میں معلوماتی ویبینار منعقد کرنے پر بینک الحبیب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی سب سے زیادہ متحرک اور بااثر کمیونٹیز میں  شامل ہیں جو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں ہمیشہ صف اول میں ہوتے ہیں ۔سفیر پاکستان نے مشکل کی  ہر گھڑی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اپنے ہم وطنوں کی فوری امداد کے جذبے کو سراہا ۔

مسعود خان نے سٹیٹ بینک اور اس کے شریک بینکوں پر زور دیا کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ اور اس کی مختلف مصنوعات سے متعلق سوالات اور مسائل کا فوری جواب دینے کے لئے فوکل پرسن مقرر کریں۔انہوں نے آر ڈی اے کو فروغ دینے اور امریکہ میں اوورسیز پاکستانیوں کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے میں مدد کرنے کے لئے سفارت خانے اور اس کے قونصل خانوں  کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔