نئی دہلی: بھارتی حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ جموں وکشمیر میں2022 کے دوران 180 عسکریت پسند، 31 عام شہری اور 31 بھارتی فورسز اہلکار مارے گئے۔
بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ نیتی آئند رائے نے ایک سوال کے جواب میں پارلیمنٹ کو بتایا کہ رواں سال کے دوران جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق 123 واقعات رونما ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ عسکری حملوں میں 2018 میں 417 سے 2021 میں 229 تک کافی کمی آئی ہے۔ جنوری 2022 سے لے کر 30 نومبر 2022 تک14 افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی حفاظت کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں،
خصوصی سیکورٹی گروپ اس سلسلے میں متحرک رہتا ہے ۔اسٹریٹجک پوائنٹس پر چوبیس گھنٹے لگاتار گشت جاری رہتا ہے ۔ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں جموں وکشمیر میں ایک مضبوط سیکورٹی اور انٹیلی جنس گرڈ موجود ہے۔