دوحہ (صباح نیوز)قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں پرتگال نے سوئٹرزلینڈ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی۔فٹبال ورلڈکپ میں پرتگال نے سوئٹزرلینڈ کو ٹینس اسکور سے شکست دے دی، ایک کے مقابلے میں چھ گول سے آٹ کلاس کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
میچ میں رونالڈو کی جگہ فرسٹ الیون کا حصہ بننے والے گونکیلو ریموس رواں ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے میں کامیاب ہوئے ،فاتح ٹیم کے دیگر گول پیپے ، رفائیل گیریرو اور لیا نے اسکور کیے۔لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی فرسٹ الیون کا حصہ نہ بنے، 14 برس اور 31 میچوں کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ رونالڈو اپنے ملک کی جانب سے میچ میں اترنے والی پہلی پلیئنگ الیون میں شامل نہ تھے ،
ان کی جگہ گونکیلو ریموس کو کھلایا گیا جنہوں نے لیجنڈ کھلاڑی کی کمی محسوس نہیں ہونے دی اور تین گول کرکے جاری ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ پرتگال نے پہلے ہاف میں ہی چار گول کرکے میچ کو یکطرفہ کردیا تھا،کھیل کے دوسرے ہاف میں پرتگال کی ٹیم مزید دو گول کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ سوئٹزرلینڈ کا واحد گول آکانجی نے کیا۔سوئٹزرلینڈ کیخلاف ناک آٹ میچ: 14 برس میں پہلی بار رونالڈو ٹیم کی فرسٹ الیون میں شامل نہ ہوسکے،
کھیل ختم ہونے سے 20 منٹ قبل رونالڈو بھی متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے ، انہوں نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی مگر ان کو آف سائیڈ قرار دیا گیا، میچ کا اختتام پرتگال کی چھ ایک کی جیت پر ہوا۔کوارٹرفائنل میں پرتگال کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔اس سے قبل پری کوارٹر فائنل میچ میں مراکش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پر سابق عالمی چیمپئن اسپین کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی۔