اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی سے عمان کے سفیر کی ملاقات، کاروباری اور سرمایہ کاری تعلقات مزید گہرا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم اور بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا نوٹس لے ۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی سے پاکستان میں عمان کے سبکدوش ہونے والے سفیر الشیخ ڈاکٹر محمد عمر احمد المرحون نے بدھ کے روز ملاقات کی، صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان اور عمان کے مابین کاروباری اور سرمایہ کاری تعلقات مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہوگا، پاکستان اور عمان کے درمیان بہت سے شعبوں میں برادرانہ تزویراتی شراکت داری ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہاکہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے، اقدار، عقیدے، روایات اور جغرافیے سے جڑے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 653 ملین ڈالر ہے ، اسے مزید بڑھانا چاہیے، پاکستان اور عمان کے درمیان فیری سروس کے امکانات کا جائزہ لیا جانا چاہیے، فیری سروس سے پاکستانی مصنوعات اور خوردنی اشیا مشرق وسطی برآمد کرنے میں آسانی ہوگی۔ صدر عرف علوی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فیری سروس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی،
صدر مملکت نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اسلامو فوبیا کے پرتشدد واقعات میں اضافے پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم اور بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا نوٹس لے ، عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔