یوسف رضا گیلانی،قمر زمان کائرہ اور سردار ایاز صادق کی مرحومہ نجمہ حمید کے گھر آمد،فاتحہ خوانی کی

راولپنڈی(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، مشیر وزیر اعظم قمر زمان کائرہ اور وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی مرحومہ نجمہ حمید کے گھر آمد،فاتحہ خوانی کی۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، مشیر وزیر اعظم قمر زمان کائرہ اور وفاقی وزیر سردار ایاز صادق  سینیئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید  مرحوم کے گھر گئے، یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ اور سردار ایاز صادق نے بیگم نجمہ حمید کی وفات پر ان کے شوہر، صاحبزادوں، بہن طاہرہ اورنگزیب اور بھانجی مریم اورنگزیب سمیت اہل خانہ سے ملاقات  کی۔

یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، سردار ایاز صادق نے بیگم نجمہ حمید کی ملک وقوم اور جمہوریت کے لئے خدمات کو سراہا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ نجمہ آپا سیاسی اختلاف کے باوجود ذاتی اور شخصی احترام پر یقین رکھنے والی ایک بڑی خاتون تھیں، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، بیگم نصرت بھٹو، بیگم کلثوم نواز اور بیگم نجمہ حمید وہ خواتین ہیں جنہوں نے پاکستان کی سیاست، جمہوریت اور عوام کے لئے تاریخی جدوجہد کی۔ اس موقع پر  قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نجمہ آپا مسلم لیگی ہونے کے باوجود دیگر جماعتوں کے راہنماؤں میں بھی یکساں مقبول تھیں۔ وہ ایک انتہائی اخلاق والی خاتون تھیں، وہ سب کی آپا تھیں، سب ان کا احترام کرتے تھے۔

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نجمہ آپا آہنی عزم و ارادے کی مالک خاتون تھیں، وہ تقریر نہیں کرتی تھیں، عمل کرکے دکھاتی تھیں،دور آمریت میں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ بیگم نجمہ حمید تاریخی کردار بن کر ابھریں۔سید یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ اور سردار ایاز صادق کی مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا۔