اسلام آباد(صباح نیوز)بھارت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو T-20 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے ویزے دینے سے انکار کردیا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے مطابق بھارت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو 5 سے 17 دسمبر 2022 تک بھارت میں ہونے والے بلائنڈ T-20 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ویزے دینے سے انکار کردیا ہے۔
پاکستان بلائنڈ ورلڈ کپ جیتنے کا ایک مضبوط امیدوار تھا کیونکہ پاکستان اس فارمیٹ کے پہلے دو ایڈیشنز (2012 اور 2017) میں دو مرتبہ رنر اپ رہ چکا ہے۔
پی بی سی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے سیاسی بنیادوں پر پاکستانی کھلاڑیوں کی کلیئرنس سے انکار کیا، بھارت کا پاکستانی کرکٹرز سے امتیازی سلوک قابل مذمت ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے اور خصوصی افراد کے اسپورٹس ایونٹس میں تمام ٹیموں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
پی بی سی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کے چارٹر برائے معذور افراد کی بھی خلاف ورزی کی ہے جو ریاستوں کو معذور افراد کو کھیل کے مساوی مواقع فراہم کرتا ہے۔
پی بی سی نے کہا کہ اس امتیازی عمل کے عالمی بلائنڈ کرکٹ پر سنگین نتائج ہوں گے، ورلڈ بلائنڈ کرکٹ میں بھارت کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور ہوسکتا ہے بھارت کو مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی نہ دی جائے۔