سی پیک منصوبے میں رکاوٹ اہل گوادر نہیں بلکہ  بدعنوان حکومتیں ہیں،مولانا عبد الحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ رواں سال 27اکتوبر سے گوادر میں دھرنا دوبار ہ شروع ہے، گزشتہ اہل گوادر کے مطالبات پر صوبائی حکومت نے جو وعدے کیے ان میں سے کسی ایک کو بھی درست طور پر پورانہیں کیا بلکہ معاملات ایک مافیا سے لیکردوسرے مافیا کے سپرد کر دیے گیے، ایک سال انتظار کے بعد اہل گوادر ایک بار پھر سراپا احتجاج ہے مگر نہایت غافل صوبائی حکومت خفتہ وزیر اعلیٰ کرپٹ بیوروکریسی ،رشوت وبھتہ خوراہلکاران ،عوامی مشکلات سے نظریں چراکر اپنی تنخواہیں حرام کر رہے ہیں، اس طرح یہ خود سی پیک منصوبے کو موخر کریں گے ۔بے چین ،بے روزگاراور بھوکے پیا سے گوادر کے مظلوم عوام کی موجودگی میں سی پیک خاک ترقی لائیں گے انہیں عوام کی بات بالآخر سننے پڑیگی عام لوگ اور چائینیز بھی اب سمجھ رہے ہیں کہ سی پیک میں رکاوٹ اہل گوادر نہیں بلکہ یہی بدعنوان حکومتیں ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر حق دوتحریک کے قائد جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،حق دوتحریک کے رہنما حسین واڈیلااورہزاروں کارکنان ،عوام الناس بھی بھی موجود تھے ۔

مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ چالیس دن گزرنے کے باوجود عوام دھرنے کے شرکاء ،بچے خواتین اور معذور لوگ جائز قانونی حقوق کیلئے دھرنے واحتجاج پر ہے لیکن بدقسمتی سے حکومت ،منتخب نمائندے ، انتظامیہ اور اسٹبلشمنٹ خاموش تماشائی کا کردار اداکر رہے ہیں حکمرانوں کو اپنی لوٹ مار سے فرصت نہیں انہیں عوامی مسائل ،عوامی مشکلات پریشانیوں سے سروکار نہیں ۔حکومتی بے حسی غفلت وکوتاہی اورلوٹ مار کی وجہ سے عوام احتجاج پر اور حقوق کیلئے دھرنے دے رہے ہیں ۔ملک میں عوام کو سننے والاکوئی نہیں عوامی آوازدبانے کی کوششیں وسازشیں ہورہی ہے ۔بدقسمتی سے عوام پریشان ،حکمران وبیوروکریسی لوٹ مار ،بے حسی وغفلت کا شکار ہیں حق دو تحریکیں عوام مجبور ہوکر چلارہے ہیں ۔حق دوتحریک عوامی مسائل کو اجاگراور حل کرنے میں کامیاب ہوگی ۔حکمرانوں کو ہر صورت حق دوتحریک کے مطالبات ماننے ہوں گے تاکہ اجتماعی مسائل حل ،مشکلات اورپریشانی میں کمی آسکیں جماعت اسلامی مظلوم عوام اورحق دوتحریک کیساتھ ہے ۔عدل وانصاف کے اسلامی حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے #