اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے وہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے مسلسل انکشافات و اعترافات کے بعد ثابت ہوچکاکہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے مہرے کے طور پر پاکستان پر مسلط کئے گئے،آئین جمہوریت اورانصاف سے انکا کبھی کوئی تعلق نہ تھا،وہ ایک ناقابل ِ بھروسہ شخص ہیں ان پر اعتماد کرنا حماقت کے سواکچھ نہیں۔
ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے اتوار کے روز ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران کی تکلیف اور درد قابل فہم ہے ،وہ اقتدار میں رہنے اور اپنے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کیلئے طاقتور حلقوں کی بلائنڈ سپورٹ چاہتے تھے جو بدترین گورننس اور کرپشن کے باعث انہیں حاصل نہ رہ سکی۔ مطلق العنان حکمرانی کے خواب چکنا چورہوئے توعمران اور انکے سہولت کار پھٹ پڑے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اقتدار سے باہررہ کراپنے کالے کرتوت پکڑے جانے کا خوف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کوکسی طور چین لینے نہیں دے رہا۔ وہ حسب عادت اپنے محسنوں اور سرپرستوں کوننگی گالیاں دے رہے ہیںاوران پر غلیظ الزامات لگا رہے ہیں مگرانکی آتش انتقام بجھنے کانام ہی نہیں لے رہی۔ایسے طوطا چشم محسن کش پالشیے پہلی بار دیکھے اورسنے ہیں۔