امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرزوطن کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں،مسعود خان


واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر زوطن کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں ،امریکہ میں تقریباً بیس ہزار پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی موجودگی پاکستان کے لئے نہ صرف باعث فخر ہے بلکہ یہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط بندھن ہے۔

امریکہ میں ڈاکٹروں کی معروف تنظیم ”اپنا”ڈی ایم وی (ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، میری لینڈ اور ورجینیا )باب کے سالانہ گالہ سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ آپ ہمارے لئے باعث فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر  پاکستان میں مختلف شعبوں بشمول  انسانی فلاح و بہبود کے منصوبوں، صحت عامہ، تعلیم، تحقیق و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔ انہوں نے پاکستانی طلبا  کے امریکی جامعات میں داخلے کے حوالے سے پاکستانی ڈاکٹروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت کاری اور رہنمائی کو بھی سراہا۔

مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹر امریکی معاشرے اور امریکی انتظامیہ کے ساتھ اپنے تعلقات اور اثر و رسوخ کی بدولت دونوں ملکوں کے بارے میں  باہمی تاثر کو بہتر کرنے اور دنوں ملکوں کی عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستانی ڈاکٹروں کی جانب سے عطیات اور خدمات کی فراہمی پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مسعود خان نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان پر مکمل بھروسہ رکھنا چاہیے۔ ہم انشااللہ کامیاب ہوں گے، ہم ماضی میں بھی سرخرو ہوتے رہے ہیں اور اب بھی کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک انشاء اللہ پاکستان کا شمار دنیا کی دس بڑی معاشی قوتوں میں ہوگا۔

مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکی عمومی سفیر رشد حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کے کردار اور اپنے شعبے میں قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں نے اپنی قابلیت اور خدمات کی بدولت امریکی معاشرے میں عزت کمائی ہے۔ رشد حسین نے کہا کہ جب بھی بہترین ڈاکٹروں کی بات ہوتی ہے پاکستانی ڈاکٹروں کا خیال آتا ہے، ہم مختلف شعبوں میں آپ کی مہارت سے مستفید ہوتے ہیں۔رشد حسین نے کہا کہ وہ پاکستانی قوم کی صلاحیتوں، زبان، تہذیب، ثقافت، شاعری، قدرتی حسن اور جغرافیے کے دلدادہ ہیں۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنا کے موجود صدر آصف محی الدین کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ تنظیم ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے استفادہ کرے گی۔ انہوں نے اپنا کے سابق صدر رشید پراچہ، ڈی ایم وی چیپٹر کے صدر عرفان سعید اور ڈی ایم وی کے سابق صدر ڈاکٹر طیب رانا کی خدمات کو بھی سراہا۔