اسلام آباد (صباح نیوز) سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے سندھ میں ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باشعور اور مہذب قومیں اپنی ثقافت، تہذیب اور زبان کبھی بھی نہیں بھولتی ، پیپلزپارٹی کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستانی قوموں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافت کی وزارت قائم کی میوزیم قائم کیئے، تاکہ قومیں اپنی ثقافت کی عزت برقرار رکھیں،
آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ نے اپنی تاریخ اور ثقافت کو ہمیشہ مقدس اور مقدم رکھا ہے ، اہل سندھ نے اپنے ان ھیروز کو کبھی نہیں بھولا جنہوں نے اپنی دھرتی کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ امن پیار ،محبت عزت اور بھائی چارہ سندھ کی کی عظیم تہذیب رہی ہے ۔سابق صدر نے کہا کہ سندھ صوفی بزرگوں، علم دوستوں اور بہادروں کی دھرتی ہے ۔ اہل سندھ اپنی ثقافت کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی دھرتی پر کسی طرح کی شدت پسندی کو کوئی جگہ نہ دیں ۔