کوئٹہ(صباح نیوز)وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلیلی دھماکے کی تفتیش شروع ہو چکی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانے تک پہنچیں گے۔
کوئٹہ سے جاری کئے گئے بیان میں وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو جلد پکڑ لیں گے۔انہوںنے کہا کہ پولیو ورکرز اور مہم کے خلاف دہشت گرد سرگرمِ عمل ہیں، پولیو ورکرز کی سکیورٹی مزید سخت کریں گے۔
میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد گرفتار کر لیں گے، دہشت گردی کے واقعہ کے بعد شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلیلی میں پولیس کے ٹرک پر خودکش حملے میں 4 افراد جاں بحق اور 23 اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی ہوئے تھے۔بلیلی دھماکے کے زخمی 9 اہلکاروں سمیت 11 افراد سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیرِعلاج ہیں۔