لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن زیادہ دور نظر نہیں آ رہے، حکومت مقررہ وقت سے پہلے ہی گر جائے گی، وزیرِ اعظم عمران خان اور وزرا کے بیانات میں تضاد ہے، کالعدم تنظیم اور حکومت کا معاملہ مزید الجھ گیا ۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظاہرین سے جید علما مذکرات کریں، وزیرِ اعظم عمران خان اور وزرا کے بیانات میں تضاد ہے،ا یک دوسرے کے بیانات کی تردید کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس والوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، عمران خان کی قیادت میں پہلے یہ سب پی ٹی آئی کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود ہی گرنا چاہتی ہے، ہمیں الیکشن زیادہ دور نظر نہیں آ رہے، حکومت مقررہ وقت سے پہلے ہی گر جائے گی، آرڈیننس کے ذریعے ملک چلایا جا رہا ہے۔ یہ حرکتیں نظام چلانے والی نہیں بلکہ نظام گرانے والی ہیں۔