اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر کا کردار ناقابل فراموش ہے، وزیر اعظم شہبازشریف نے بھی انگلش ٹیم کے دورے کے لیے کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اعزازمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2005 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان آئی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے ضروری ہے کہ انٹرنیشنل ٹیمیں یہاں آتی رہیں، کرکٹ ہمارے کلچر کا حصہ بن چکا ہے، پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ کی بہترین ٹیمیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیسٹ سیریز کرکٹ کی اصل روح ہے، کرکٹ پر سیاست نہیں ہوتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کے میچز بھی ہو رہے ہیں، نوجوان مثبت سرگرمیوں میں مشغول ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیمیں ایک ساتھ فائنل تک پہنچیں، کرکٹ کھیل ہے، جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا، دونوں ٹیموں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہیں۔