مقدمات کا اندراج، اعظم سواتی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹر اعظم سواتی نے اپنے خلاف مقدمات درج کیے جانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

پیر کو  اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے پیکا قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا۔ اسی نوعیت کے دوسرے کیس میں اعظم سواتی ضمانت پر رہا ہوئے۔پہلے بھی دوران حراست بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے پاس اطلاعات ہیں کہ دوران حراست قتل کیا جاسکتا ہے۔ اعظم سواتی کے ساتھ کسی بھی قسم کا غیر انسانی سلوک کیا جاسکتا ہے۔جب عدالت میں پیش کیا گیا تو معلوم ہوا کہ کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سندھ کے مختلف تھانوں میں بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں۔ بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے  اور اعظم سواتی کو دوسری جگہ منتقلی سے روکا جائے۔

درخواست میں وفاق، ایف آئی اے،  آئی جی سندھ اور بلوچستان کو فریق بنایا گیا ۔