عمران خان چور دروازے سے اقتدار میں آئے، پتلی گلی سے نکل کر بھاگ گئے،فیصل کریم کنڈی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان چور دروازے سے اقتدار میں آئے، پتلی گلی سے نکل کر بھاگ گئے،  پنجاب اسمبلی اور نہ ہی خیبرپختونخوا اسمبلی ٹوٹے گی،پارٹی تو ابھی شروع ہوئی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  عمران خان چور دروازے سے اقتدار میں آئے، پتلی گلی سے نکل کر بھاگ گئے،  نہ پنجاب اور نہ ہی خیبر پختونخوا اسمبلی ٹوٹے گی، پارٹی ابھی شروع ہوئی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام کی دعائیں قبول ہو رہی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ  دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان عارف علوی کو مستعفی ہونے کا کب کہتا ہے ، دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان اپنے سینیٹروں کو کب مستعفی ہونے کی ہدایت دیتے ہیں،  آئندہ انتخابات میں سیاست گالی گلوچ بریگیڈ سے پاک ہو جائے گی، عمران خان کی ذہنی کیفیت ہر لمحے تبدیل ہوتی رہتی ہے ان کی کسی بات پر یقین نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان پنڈی میں فلاپ شو پر شرمندگی اور خفت کو تسلیم کرے۔