آرمی چیف کا فوجی فاؤنڈیشن کا دورہ، مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا فوجی فاؤنڈیشن  کا دورہ، صحت عامہ کی سہولیات کا  جائزہ لیا  اور مختلف منصوبوں کا افتتاح، آرمی چیف نے صحت عامہ کیلئے فوجی فاؤنڈیشن کی کوششوں اور کردار کی تعریف۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فاؤنڈیشن کی صحت عامہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا، آرمی چیف کو نئے تعمیر شدہ منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا، جس میں مصنوعی اعضا مرکز کی جدید ترین سہولت بھی شامل ہے، جہاں مصنوعی اعضا لگانے کے امور نمٹائے جاتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فاؤنڈیشن یونیورسٹی نرسنگ کالج بارے بتایا گیا، جہاں 396 طلبا کو تدریس کی سہولت دستیاب ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے تعمیر شدہ نیو ایسٹ رج اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں پرائیویٹ مریضوں کیلئے 40 کلینک اور 146 بستروں کی سہولت موجود ہے

فوجی فاؤنڈیشن ملک بھر میں ہر سال 15 لاکھ سے زیادہ مریضوں کا علاج اور طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ آرمی چیف نے فوجی فاؤنڈیشن کے امور کار اور کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

فاؤنڈیشن سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو ملازمت کے مواقع اور صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ملک بھر میں بڑی تعداد میں پرائیویٹ مریضوں کی دیکھ بھال بھی کرتی ہے۔