وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ریکوڈک منصوبہ کیلئے انتظامات کو مکمل کرنے کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)ریکوڈک منصوبہ کے احیانو کیلئے انتظامات و اقدامات کو حتمی شکل دینے کیلئے قائم ایپکس کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ منصوبے کے احیا نو کیلئے انتظامات کو مقررہ تاریخ تک حتمی شکل دینے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ملک میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ریکوڈک منصوبہ کیلئے انتظامات کو مکمل کرنے کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیر خزانہ نے منصوبے کے حوالے سے انتظامات و اقدامات کو مکمل کرنے کی اہمیت اجاگر کی اور اس ضمن میں 15 دسمبر کی ڈیڈ لائن سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں ضروری قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے اس مقصد کیلئے متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل رابطہ ہے۔ صوبائی حکومتوں نے مقررہ تاریخ سے قبل ضابطے کی کارروائیاں مکمل کرنے کا یقین دلایا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جن اقدامات پر اتفاق رائے ہوا ہے انہیں بروقت مکمل کرنے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ریکوڈک پراجیکٹ کے احیا نو سے ملکی معیشت میں تیزی آئے گی جبکہ سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق محمود پاشا، ڈی جی ایم آئی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری، ڈائریکٹر ایم آئی بریگیڈیئر عاطف اشفاق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اسلم، اٹارنی جنرل آفس ، پٹرولیم ڈویڑن اور وزارت خزانہ کے افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور بلوچستان حکومت کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔