بھارت اپنے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے سیکیورٹی کونسل کا ممبر بھی نہیں بن سکا،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اپنے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے سیکیورٹی کونسل کا ممبر بھی نہیں بن سکا ۔

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ہم نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں دیکھی ہے کیونکہ وہ بدستور فوجی محاصرے میں ہے اور وہاں بھارتی مظالم جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے گزشتہ ہفتہ اسلام آباد اور شوپیاں کے اضلاع میں جعلی کارروائیوں میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی قابض فوج زیرحراست بے گناہ نوجوانوں کی ہلاکتوں میں بھی ملوث ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ بھارت کو غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بنیادی خلاف ورزیاں بند کرنی چاہئیں ، پانچ اگست2019کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات منسوخ اور کشمیری رہنمائوں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرناچاہیے۔ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے پاکستان مخالف بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بڑھتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان باڈر پر اس وقت کچھ کشیدگی ضرور ہے، ہم اس معاملے پر بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی تجارتی پالیسی کا خود فیصلہ کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک بھارت سے پاکستان کے ساتھ پانی کے تنازعے پر مذاکراتی کمیٹی بنانے جارہا ہے، بھارتی افواج کا غیر ذمہ دارانہ بیان پر شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینیا واقع پر تحقیقات جاری ہیں دونوں ملک آپس میں رابطے میں ہیں، ہم ارشد شریف تحقیقات میں دفتر خارجہ کی طرف سے پوری سہولت دے رہے ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ دفتر خارجہ میں اہم تعیناتیوں پر اعلی حکام اپنا کام کر رہے ہیں جبکہ ان تعیناتیوں کے دوران دفتر خارجہ بھی بھرپور کام کر رہا ہے۔