وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی پائیدار نصابی ترقی کانفرنس میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئے

کراچی(صباح نیوز)وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کراچی اور جارج میسن یونیورسٹی امریکہ کے اشتراک سے پائیدارنصاب کی ترقی پر منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس میں ملک بھر سے چودہ جامعات کے فیکلٹی ممبران نے ملک کے اعلی تعلیمی اداروں کے سماجی علوم کے نصاب میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔کانفرنس کے تحت انڈرگریجویٹ سطح پر آرٹس، علم وادب،مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریٹیوسائنسز سمیت سماجی علوم کے وسیع تدریسی دائرہ کے تحت فیکلٹی کی استعدادکاربڑھانے کے لیے ایک مکمل کورس کا ڈھانچہ تیار کیا گیا۔اس منصوبے کے تحت 14پارٹنرز جامعات کے 330فیکلٹی ممبران کو ان کے متعلقہ کیمپسز میں 45دنوں کی مختصر تربیت دی گی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور دیگر پارٹنر جامعات کے وائس چانسلرز اور ان کے نمائیندگان نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات کی اور اپنی متعلقہ جامعات میں پائیدار نصابی ترقی کے منصوبے کو لاگو کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال بھی کیا۔انہوں نے پائیدارنصابی ترقی کے منصوبے کے ممکنہ نتائج اور مقامی مارکیٹ اور معاشرے پر اس کے اثرات کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی۔

بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی و دیگر نے جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ملٹی پرپز ہال میں دوروزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت بھی کی۔دریں اثنا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان جو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر پی ایم ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں کہ ساتھ ملاقات کی اور جامعات میں سائنسی علوم کی ترقی و دیگر امور پر سیرحاصل گفتگو کی۔

اس موقع پر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور جامعہ کشمیر کے انسٹیوٹ آف جیالوجی کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد بشارت اور دیگر بھی موجود تھے۔اپنے دورہ کراچی کے دوران وائس چانسلر جامعہ کشمیر نے انڈس ہسپتال کراچی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان سے بھی ملاقات کی اور ان سے جامعہ کے شعبہ ہیلتھ سائنسز کے طلبا کی سہولت کے ذریعے جامعہ کشمیر کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں انڈس ہسپتالوں کا وسیع اور موثر نیٹ ورک موجود ہے۔ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور ان کے وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) کراچی پروفیسر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی سے بھی ملاقات کی اور ان سے دونوں اداروں کے درمیان طلبا اور فیکلٹی کے تبادلے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ جامعہ کشمیرکی تجویز پر پیش رفت کے لیے آئی بی اے کا وفد جلد ہی جامعہ کشمیر کا دورہ کرے گا تاکہ باہمی تعاون کی مزید راہیں تلاش کی جا سکیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور ان کے وفد کے ارکان نے مفتی محمد تقی عثمانی کی رہائش گاہ پر ان کے بڑے بھائی اور معروف اسلامی سکالر مفتی محمد رفیع عثمانی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔