اسلام آباد(صباح نیوز) سیکرٹری پارلیمانی کاکس شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی اور قائم امن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں ،خواتین کی شرکت کے بغیر پائیدار ترقی اور امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،پاکستان کی سیاست میں خواتین کی براہ راست انتخابات کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ، وویمن پارلیمانی کاکس وفاقی اور صوبائی کاکسز میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے قومی کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل کر رہا ہے
خواتین کے پارلیمانی کاکس کے تحت قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہدہ رحمانی نے کہا کہ خواتین کے پارلیمانی کاکس کی قومی کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہوں ، یہ کانفرنس معاشرے میں خواتین کے بامعنی کردار کو اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی ،اس کانفرنس کا مقصد وفاقی اور صوبائی کاکسز میں ہم آہنگی قائم کرنا ہے ،پارلیمان کی ہائوس بزنس میں خواتین کی بامعنی شرکت کو یقینی بنانے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں
انہوں نے کہا کہ وویمن پارلیمانی کاکس جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر پائیدار ترقی اور امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ، پاکستانی خواتین کیلئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی جدو جہد مشعل راہ ہے، اس وقت ملک کے تمام پارلیمانوں کی ہائوس بزنس میں خواتین ممبران سب سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں،
شاہدہ رحمانی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں خواتین کی براہ راست انتخابات کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ،وویمن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے ، وویمن پارلیمانی کاکس نے سالانہ ترقیاتی فنڈز میں خواتین ممبران کا حصہ مختص کرنے کیلئے قرارداد پاس کی ہے
انہوں نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر پائیدار ترقی اور امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، وویمن پارلیمانی کاکس وفاقی اور صوبائی کاکسز میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے قومی کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل کر رہا ہے ، امید ہے خواتین کے قومی کانفرنس کے انعقاد سے خواتین ممبران کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا ۔