اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ سات ماہ سے عمران خان، امریکہ اور اسٹیبلشمنٹ پر حکومت گرانے کے الزام لگا رہے تھے، اچانک ان کو خیال آیا کہ ان کی حکومت گرانے میں کوئی بیرونی اور اندرونی سازش نہیں تھی۔ امریکی لابنگ فرم کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد عمران خان اپنے بیانیے سے مسلسل یوٹرن لے رہے ہیں۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ جانتے تھے کہ عدم اعتماد میں کوئی بھی سازش شامل نہیں تھی وہ ایک آئینی اور پارلیمانی معاملہ تھا لیکن موقعے سے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے انہوں نے پاکستان کے عالمی تعلقات کو داؤ پر لگا دیا۔ حقیقی آزادی کے جھوٹے بیانیہ کی بنیاد پر ملک میں تقسیم، نفرت اور انتشار پھیلایا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ان کی نفرت انگیز سیاست سے جو ملک اور اداروں کو نقصان ہوا کیا ایک یو ٹرن لینے سے اس کا ازالہ ہو جائے گا؟ ان کی تمام سیاسی زندگی یو ٹرن میں ہی گزری گی کیوں کہ ان کی سیاست ملک اور عوام سے نہیں بلکہ ان کے اپنے ذاتی مفادات سے جڑی ہوئی ہے۔