پاک فوج کے اعلی ترین عہدوں پرتقرری کا عمل شروع ہوچکا، خواجہ آصف


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تاحال چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے حوالہ سے وزارت دفاع کی سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو موصول نہیں ہوئی تااہم تعیناتیوں کے حوالہ سے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ عمل25نومبر تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف اپنی سفارشات منظوری کے لئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوادیں گے۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کوروناوائرس سے مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ملاقات میں موجودہ حالات پر تبادلہ خیال ہوا ہے، میڈیا تصحیح کر لے سمری ابھی تک وزیراعظم سیکرٹریٹ کو موصول نہیں ہوئی، پراسیس شروع ہو چکا ہے اور ہمارے اوپر کوئی دبائو نہیں ہے اور نہ ہی ہمیں کوئی جلدی ہے، میڈیا کو بڑی جلدی لگ گئی ہے۔ سمری وزارت دفاع سے ایک دو روز میں بھجوادی جائے گی۔ 25نومبر تک آرمی چیف کی تقرری کا عمل مکمل ہو جائے گا۔سمری میں پانچ یا چھ نام ہوں گے اور ڈوزیئر بھی ان کے ساتھ ہی آئیں گے جس کے بعد وزیر اعظم کی متعلقہ حکام سے مشاورت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملہ پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، سمری آئے گی تو ناموں پر بحث ہو گی ، سینئر موسٹ پانچ یا چھ نام آجائیں گے اورانہیں میں سے نام فائنل ہوگا۔وزیراعظم کی جانب سے افواج کی قیادت کو پوری طرح اعتماد میں لیا جائے گا اس کے بعدناموں کے حوالہ سے فیصلہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ ہر سطح اور قدم پر تبادلہ خیا ل ہورہا ہے۔