بی آئی ایس پی کے ذریعے غریب بچوں کو تعلیم و صحت کے وظائف فراہم کئے جاتے ہیں ،شازیہ مری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیربرائے تخفیف غربت و چیئرپرسن  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بچوں کے لئے بینظیر نشوونما پروگرام اور بینظیر تعلیمی وظائف کے ذریعے ہزاروں غریب خاندانوں کو بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے وظائف دے رہا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ 20 نومبر کے دن بچوں کے عالمی دن پر ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ حالیہ سیلابوں سے لاکھوں بچے بے گھر ہوئے ہیں اور ہماری مدد کے منتظر ہیں ۔ ہمیں چاہئے کہ ہم سب مل کر ان مصیبت زدہ بچوں کی مدد کریں-

انہوں نے کہا کہ یہ دن بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے کا دن ہے۔وفاقی وزیر نے بینظیر نشونما پروگرام کے حوالے سے تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ماں اور بچے کو وٹامنز اور منرلز کے ساشے دیئے جاتے ہیں جو کہ بچوں کو صحت مند بناتے ہیں،

تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شازی مری نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے ذریعے غریب خاندانوں کے بچوں کو بنیادی تعلیم کے حصول کیلئے و ظائف مہیا کئے جاتے ہیں اور ان میں بچیوں کوبچوں کی نسبت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے تاکہ غریب والدین ان کی تعلیم میں کوئی کسر نہ چھوڑیں-