وفاقی حکومت کے پاس معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوئی حکمت عملی نہیں، تیمور جھگڑا


پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوئی حکمت عملی نہیں۔

تیمورسلیم جھگڑا نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں ہے، انہوں نے افواہوں کے پھیلانے میں پی ٹی آئی کی طرف اشارہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے معاشی معاملات پر سیاست نہیں کی آئینہ ضرور دکھایا، معاشی ناکامیوں کاملبہ پی ٹی آئی پر نہیں ڈال سکتے۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ پیٹرول 150 روپے لیٹر تھا تو حکمران مہنگائی کیخلاف مارچ کررہے تھے۔ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی بانڈز کی قیمت مسلسل کم ہورہی ہے، بانڈز کی ادائیگی نہ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بانڈکی قیمت روز گررہی ہے، دسمبر میں بانڈکی ادائیگی ہوسکے گی۔ سٹیٹ بینک کے پاس 8ارب ڈالر ہیں،1 ارب کی ادائیگی کرنی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ انٹربینک میں ڈالر220 کا ہوگا مگر اوپن مارکیٹ میں 240کا مل رہا ہے، 6ماہ میں ہر چیز کی قیمت دگنی ہوگئی، عمران خان پر جھوٹے کیسز کے علاوہ حکومت نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ کا اعتماد بحال کرنے کیلئے اقدامات کرے، وفاقی حکومت نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوئی پالیسی نہیں دی۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ ن لیگ کے وزرا خود کہتے رہے ڈیفالٹ سے بچارہے ہیں، مفتاح اسماعیل نے کہا تھا ملک کو ڈیفالٹ سے بچارہے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے کے بعد مفتاح کو فارغ کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی سے حکومت سنبھالی گئی اور اب کچھ نہیں کرپا رہے، ڈالر بڑھنے کا الزام بھی عمران خان پر لگا دیا گیا، سارے چیلنجز آپ کے اپنے بنائے ہوئے ہیں۔ سروے کے مطابق 88فیصد لوگ سمجھتے ہیں معیشت درست سمت میں نہیں، عالمی مارکیٹ پاکستانی معیشت کے حوالے سے مطمئن نہیں۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ رجیم چینج نہ ہوتا تو ملکی معیشت کی حالت بہتر ہوتی، کوئی بھی نہیں چاہتا کہ ملک ڈیفالٹ ہوجائے۔