اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈاراور چیئرمین سینیٹ نے الگ الگ ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی، ملک کی مجموعی اقتصادی و مالی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے ملاقات میں صدر پاکستان کو ملکی معاشی اور مالی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو پاکستان کے عوام بالخصوص ملک کے محروم علاقوں کی غیر مراعات یافتہ آبادی اور سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اس کے علاوہ صدر مملکت سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔