کراچی(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دفاعی نمائش سے ملکی پیداوارمیں اضافہ ہورہا ہے۔بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سب سے پہلے آرگنائزر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، 51ممالک اور دو سے زائد وفود اس نمائش میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو اسلحہ کی پیداوار ہے وہ بھی انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے، اس سرگرمی سے بزنس بڑے گا۔انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کا ایونٹ سندھ میں ہونا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، توقع کرتے ہیں کہ آگے جاکر اس کا بہت فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج بات ہورہی تھی کہ یہ جگہ چھوٹی پڑ رہی ہے، مجھے منتظمین بتارہے تھے کہ جگہ کی کمی کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو منع کرنا پڑتا ہے، اس سال ہمارا خاص فوکس پولیس کے سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ یونٹس کو مضبوط بنانے پر ہے، ہم چاہتے ہیں سندھ پولیس کو اتنا مضبوط کریں کہ کسی دوسرے ادارے کی لاجسٹکس کے معاملے میں محتاجی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دفاعی نمائش سے ملکی پروڈکشن میں اضافی ہورہا ہے، یہ امر معیشت کی مثبت سمت میں پیشرفت کی جانب اہم قدم ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے کی اور آج کی اس نمائش میں بہت فرق ہے، آئی جی ٹیم بنائی ہے کہ ہمیں کن چیزوں کی ضرورت ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی حال ہی میں ہمارا گھوٹکی کے قریب کچے میں نقصان ہوا ہے، حکومت سندھ پوری طرح سے سپورٹ کرے گی۔