سیاسی گند10 روز میں صاف ہوجائے گا ،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی گند دس روز میں صاف ہوجائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ہنگامی کیبنٹ بلائی جاتی ہے اور رات کے اندھیرے میں ہی منسوخ کردی جاتی ہے،ان کی خواہشیں خبر نہیں بن سکتیں ،آصف زرداری بھی سازش میں کمیٹی ڈالنے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں،حکومت سیاسی فائربال سے کھیل رہی ہے جتنا سیاسی گند بڑھ گیا ہے 10 روز میں صاف ہوجائے گا۔

انہوں نے  کہا کہ پہلے مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اب لال حویلی کے اوپر ڈرون چلایا جارہاہے جس کی ویڈیو حکام بالا کو بھیج رہے ہیں،یہ عمران خان کے لانگ مارچ سے پہلے اور اس کے دوران پنڈی میں شرارت کرنا چاہتے ہیں،ناکامی ان کا مقدر ہے،پنڈی پرامن شہر ہے،میں کمیٹی چوک میں لانگ مارچ کا استقبال کروں گا۔

دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے ان کی رہائش گاہ لال حویلی کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔

راولپنڈی پولیس کو سینٹرل پولیس آفس (سی پی او)کے آفیشل نمبر پر دھمکی آمیز کال موصول ہوئی جس میں شیخ رشید پر ممکنہ حملے کی اطلاع دی گئی، فون کرنے والے نے اپنی شناخت ارشاد انصاری کے طور پر کی۔

پولیس نے سابق وزیر داخلہ کے بھتیجے راشد شفیق کو دھمکی کال سے آگاہ کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ لال حویلی کی سکیورٹی سخت کردی ہے۔

راشد شفیق نے ایک بیان میں کہا کہ دھمکی آمیز کال کا مقدمہ سول لائنز تھانے میں درج کرایاہے ، اس دوران پولیس نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔

ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال پر نامعلوم کالر کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت اور دھمکیاں دینے کے جرم میں درج کیا گیا، گزشتہ شب سی پی او راولپنڈی آفس کے سرکاری لینڈ لائن نمبر پر نامعلوم کالر نے دھمکی آمیز کال کی تھی

سینئر پولیس آفیسر کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اب تحقیقات میں مصروف ہیں۔راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید اور ان کے سیکرٹریٹ لال حویلی انتظامیہ کو آگاہ کر کے سکیورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے ایلیٹ کمانڈوز بھی تعینات کردئیے۔شیخ رشید کے بارے میں دھمکی آمیز کال راولپنڈی پولیس کو موصول ہوئی ہے

سی پی او راولپنڈی کے دفتر کے سرکاری لینڈ لائن نمبر پر انٹرنیٹ نمبر کے ذریعے شیخ رشید کے حوالے سے دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔