توشہ خانہ میں مالی بے ضابطگیاں قابل مذمت، تیس سالہ ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے۔ محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ توشہ خانہ میں ہو نے و الی اربوں روپوں کی بے ضابطگیاں قابل مذمت اور افسوسناک ہیں۔ اربوں روپے کے تحائف کو معمولی قیمت ادا کرکے خریدا اور بیچا گیا اور اس کرپشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کے لوگ برابر کے شریک ہیں۔ تیس برسوں کا ریکارڈ منظر عام پر لایا جانا چاہیے تاکہ قوم کو بھی معلوم ہوسکے کہ اس بہتی گنگا میں کس کس نے ہاتھ دھوے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اقتدار کے حصول کی اس جنگ میں ملک کے اندر جو انتقامی اورایک دوسرے کی عزت اچھالنے کی جو سیاست ہورہی ہے وہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں۔ پی ٹی آئی اور اتحادی دونوں کو ایسا آرمی چیف چاہیے جو انہیں کندھوں پر اٹھا کر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی ہوس نے ریاستی نظام کو کمزور اور اخلاقی اقدار کو پامال کرکے رکھ دیا ہے۔ اسمبلیوں میں جب تک عام آمی نہیں پہنچے گا،اس وقت تک حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ جاگیرداروں ،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملکی سیاست اور معیشت دونوں کو مفلوج کردیا ہے۔ قوم کو ان کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ عوام ڈینگی سے مررہے ہیں۔ سیلاب زدگان سردیوں کی آمد سے پریشان ہیں، عوام مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کی بھینٹ چڑھتے چلے جارہے ہیں، مگر حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔ حالات دن بدن سنگین سے سنگین تر ہوتے چلے جارہے ہیں