اسلام آباد ( صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ لوگ مہنگائی، بے روزگاری کا شکار ہیں وہ اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں، اس وقت جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے اس لیے کارکنان اور ذمہ داران گھرگھرجاکرعوام تک اپنی دعوت پہنچائیں ، شہری بلد یاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے اُمیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے موقع پر بلدیاتی اُمیدواروں اورشہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ دیانت دار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کے انتخاب سے مسائل حل ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا،پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر سطح پر صالح،دیانتدار اور نظر یاتی قیادت کا بر سر اقتدار آنا ضروری ہے۔میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی ملک کی حقیقی معنیٰ میں دینی جمہوری اورموروثیت سے پاک جماعت ہے باقی سب خاندانی جماعتیں ہیں
انھوں نے کہاجماعت اسلامی کی تمام سرگرمیوں کا مرکزومحور رضائے الٰہی کا حصول اور ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے جس کے لیے ہم جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آرہی انتخابی نعروں اور دعووں کے برعکسںمعاشی ترقی تو درکنار، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے
میاں محمد اسلم نے کہاآج ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جسکے قول وفعل میں تضاد نہ ہو اور جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پرقوم کو یکجا کرے اور مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کا چراغ روشن کرسکے۔