جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے ،عوام کی زندگی محفوظ نہیں رہی.محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ شہر میں جرائم کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ صرف 48گھنٹوں میں 14خواتین سمیت 16افراد کو اغوا کرلیا گیا ۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے بازیاب کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ خواتین اور معصوم بچوں کے ساتھ جنسی درندگی کے واقعات بھی تھم نہیں سکے۔ سفاک ملزمان بلا خوف و خطر آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔جرائم کی وارداتوں نے عوام سے سکھ کا چین چھین لیا ہے اور زندگی اجیرن بنادی ہے۔

انہوں نے صوبائی دارلحکومت لاہور میں جرائم کی وارداتوںمیں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے۔ انصاف نام کی کوئی چیز نہیں۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2022ء سے 31جولائی 2022ء تک جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے جو کیسز رجسٹرڈ ہوئے ان کی تعداد 4لاکھ 32ہزار 821تھی۔ 4632افراد  اقدام قتل کے واقعات میں زخمی ہوئے جبکہ 2673افراد قتل کیے گئے۔ 13337اغوا برائے تاوان کی واردتیں ہوئیں۔ 2302خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ تھانہ کلچر اشرافیہ کو ریلیف فراہم کرتا ہے جبکہ غریب عوام اپنے ساتھ ظلم و زیادتی کے ہونے کے باوجود تھانہ جانے سے گھبراتے ہیں۔ جب تک عوام کا پولیس کے نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا اس وقت تک حالات سازگار نہیں ہوسکتے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ کرپشن فری پاکستان جماعت اسلامی کی طرح ہر پا کستان کا خواب ہے ، اس کی تکمیل کے ضروری ہے کہ قوم محب وطن ، پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت کو موقع دے