عمران خان کو وقت بڑے اچھے طریقے سے بے نقاب کر رہا ہے،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے نائب صدر و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ آہستہ آہستہ وقت عمران خان کو بڑے اچھے طریقے سے بے نقاب کر رہا ہے، جب چاہیں جھوٹا بیانیہ بنا کر کہیں کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، جب چاہیں کہیں کہ نہیں اب اس بیانیے سے پیچھے ہٹتا ہوں۔

لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی عمران خان مزید بے نقاب ہوں گے۔حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ سائفر پر آج آپ نے یو ٹرن لے لیا ہے، یہ سیاست نہیں ہے، انہوں نے ملک کا تماشہ بنا دیا ہے، یہ سب جھوٹ پر مبنی سیاست ہے، ذاتی مفادات ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف نہیں جاوں گا، یہ ان کی روایت ہے کہ ہر بات سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان آج تک توشہ خانے کا جواب نہیں دے سکے، فارن فنڈنگ کیس کا بھی آج تک جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی کسی طرح اقتدار میں آنے کی کوشش ہے، یہ چیزیں ڈھکی چھپی نہیں رہیں گی، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ جب چاہیں جھوٹا بیانیہ بنا کر کہیں کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، جب چاہیں کہیں کہ نہیں اب اس بیانیے سے پیچھے ہٹتا ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح تو اسکول کے بچے نہیں کرتے جس طرح عمران خان اس ملک کے ساتھ کر رہے ہیں، یہ ملک ان تماشوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا ہے کہ اگر ملک آگے نہیں چلے گا، معیشت بحال نہیں ہو گی تو اس ملک میں کونسی سیاست ہو گی؟مسلم لیگ ن کے نائب صدر و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا ہے کہ (اسی ماہ)نومبر میں آرمی چیف کی تعیناتی ہونی ہے، مجھے امید ہے کہ جو آئین اور قانون کے مطابق ایک سلسلہ ہے وہ آگے بھی چلے گا۔