سائفر جھوٹ ثابت،امریکی سازش کے بیانیے سے عمران خودپیچھے ہٹ گئے،سعد رفیق


لاہور(صباح نیوز) وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سائفر جھوٹ ثابت ہوچکا، امریکی سازش کے بیانیے سے عمران خان خود پیچھے ہٹ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایبسولوٹلی ناٹ کا دعویٰ بھی غلط نکلا، امریکا سے لابنگ کیلئے لابیسٹ فرمیں ہائر کر لیں، عمران خان نے دوران جنگ روس جانے کو غلطی مان لیا، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کی چوری پکڑی گئی، عمران خان کتنا چونا لگا ئیں گے اور کب تک؟۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محض اقتدار کیلئے عمران خان کے جھوٹے بیانیوں اور احمقانہ اقدامات نے ریاست پاکستان کو عالمی تنہائی میں دھکیل دیا، پاکستان سے تعاون کرنیوالے ممالک ایک ایک کر کے دور کر دیئے، اتحادی حکومت اس ڈیمج کنٹرول کیلئے دن رات کوشاں ہے۔