کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات افشا نہ کرنے کا فیصلہ


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخواحکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی معلومات افشا نہ کرنے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کرلیا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے رائٹ آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت تفصیلات پبلک ہونے سے بچانے کے لئے قانون لایا گیا۔مجوزہ بل میں وزرا کی تنخواہ کے بل میں ہیلی کاپٹر استعمال کی معلومات خفیہ رکھنے کی ترمیم شامل ہے جبکہ یکم نومبر2008 سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی پوچھ گچھ نہیں کی جاسکے گی۔

بل کے متن کے مطابق ہیلی کاپٹر کا کرائے اور ذاتی مقاصد کیلئے استعمال بھِی کیا جاسکتا ہے تاہم ذاتی مقاصد کے استعمال کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اجازت لینا ہوگی۔

بل کے مطابق سرکاری ہیلی کاپٹر وزیر، مشیر ، معاون خصوصی اورافسران بھی استعمال کرسکیں گے۔ قانون کا مقصد ہیلی کاپٹر کے استعمال کی معلومات افشا ہونے سے بچانا ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 10 سال سے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر سیاسی جلسوں میں استعمال کرتے رہے ہیں ۔۔۔