جھنگ (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کہیں آئین و قانون نظر نہیں آرہا، پاکستانی عوام کے فیصلے لندن میں بیٹھ کرکئے جارہے ہیں
جھنگ میں دربار شریف پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اس ملک میں نہ عورتوں کا لحاظ کیا جارہا ہے اور نہ ہی گھر کی چار دیواری کا، 75 سال کا سینیٹر بھی برہنہ غنڈا گردی سے بچاہوانہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ اب یہ وہ پاکستان نہیں رہیگا جہاںپاکستان کی عوام کے فیصلے بند کمروں میں ڈیلوں کی بنیاد اور طاقت کے لین دین پر کئے جائیں گے کیونکہ یہ وہ پاکستان بننے جارہا ہے جس کے فیصلے کراچی، لاہور ، پشاور، کوئٹہ ، شور کوٹ اور جھنگ میں کئے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر جب منظم سازش کے تحت قاتلانہ حملہ ہوا تو میں نے اس وقت بھی یہ کہا تھا کہ اللہ نے ابھی ہمارے کپتان سے بہت بڑے بڑے کام لینے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ اس ملک پر اللہ کا کرم رہا ہے جو کہ اس کی دین ہے ، اس نے ہمیشہ قائم رہنا ہے لیکن اس حقیقی طور پر آزاد پاکستان کے لئے جو قربانی چاہیے اپنے کپتان کی لیڈر شپ کے اندر اس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹنا ہے اور کپتان کی کال پر اسلام باد بھی پہنچیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کا واضح موقف ہے کہ میرٹ پر تعیناتی کی جائے کیونکہ کپتان غلط کام نہیں کرتا ہے اور اس کے لئے اسے اپنا بندہ لانے کی خواہش بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کسی کمپنی کے فیصلے نہیں ہورہے ہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل، اس کی عوام کے فیصلے لندن میں بیٹھ کر لئے جارہے ہیں اور وہ بھی اس شخص کے مشورے سے جو کہ خود قانون کا سزا یافتہ مجرم ہے جو کہ 22 کروڑ عوام کی غیرت کا مذاق اڑانے کے برابر ہے،نواز شریف ملک چھوڑ کر بھاگ گیا ہے،ملک میں کہیں آئین و قانون نظر نہیں آرہا ۔