کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سود کے خلاف درخواستیں واپس لینے کا اعلان خوش آئند ہے ۔الحمد اللہ آج جماعت اسلامی کی پارلیمان سے عدالت تک مسلسل جدوجہد رنگ لے آئی ہے جس پر پور ی قوم کو مبارک باد دیتے ہیں ۔سودی معیشت ایک ناسور ہے جس نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔حکومت فوری طور پر ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے کے لئے اقدامات کرے ۔ سود سے نجات اسلامی خوشحال پاکستان کی طرف بڑی پیش رفت ہوگی ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے سودی معاشی نظام کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول کرنے میں تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں برابر کی مجرم ہیں،دونوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ملکی مشکلات ،مصائب ،پریشانیوں ،بحران دربحران اورتکالیف کی بنیادی وجہ سودی نظام ہے جلد ازجلد سودی نظام سے نجات ہی میں ملک وقوم کی عافیت وفائدہ ہے وزیر خزانہ معیشت کو قرآن وسنت کی بنیادپر استوارکریں رہنمائی کیلئے ملک بھر میں جید علمائے کرام کی کمی نہیں ۔اب حکومت کو بینکنگ نظام سمیت تمام مالیاتی معاملات کو قرآن وسنت کے مطابق بنانے کیلئے ضروری قانون سازی کرنی چاہیے ۔حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر اپیل واپس لینے سے وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ روب عمل ہوجائیگا ویسے بھی فیصلہ میں عمل درآمدکیلئے حکومت نے بہت تاخیر کردی عالمی سطح پر بھی پاکستان کے مالیاتی لین دین قرآن وسنت کے مطابق ہوں گے پوری قوم عمل درآمد کے منتظر ہے جماعت اسلامی نے گزشتہ 27سال میں سودکے خلاف عدالتی جنگ لڑی اور پارلیمانی سیاسی جدوجہد تو سود کے خلاف روزاول سے ہے الحمداللہ اس فیصلہ سے جماعت اسلامی سرخروہوئی اور عدالتی وسیاسی جنگ جیت لی ہے ۔اسلامی معیشت سے قوم پریشانی مشکلات اور مسائل سے نجات پائیں گے سودی معیشت کی وجہ سے اللہ اوررسول سے جنگ کیساتھ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے یہ سب سودی معیشت وبدعنوانی کی وجہ سے ہے