اسلام آبا(صباح نیوز):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم اپنے بھائی چارے کو مضبوط کرنے، آزادی، انصاف اور مساوات کی زریں اقدار کو برقرار رکھنے ، سائنس و فنون کا جدید علم حاصل کرنے اور اپنی مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار پر سمجھوتہ کیے بغیر اختراع اور تخلیق کیلئے علامہ اقبال کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو دوبارہ ترتیب دیں گے۔
شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ہم مشرق کے عظیم مفکرین، فلسفیوں اور شاعروں میں سے ایک ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے نظریات، اقدار اور نئی سوچ نے دنیا بھر کے ادیبوں اور فلسفیوں کی کئی نسلوں کو متاثر کیا۔صدر نے کہا کہ اس دن ہم برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن ، جہاں وہ اپنی مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق اور ہندو اکثریت کے خوف و ہراس کے بغیر اپنی زندگی گزار سکیں ،کا تصور دینے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ خواب بالآخر 14 اگست 1947 ء کو قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عظیم فلسفی اور شاعر نے اپنی شاعری، نثر اور تقاریر میں ہمیں مسلسل یہ پیغام دیا کہ تعلیم اور علم حاصل کریں اور اس علم کو زندگی کو سمجھنے، حقیقت کے ادراک اور روحانی تکمیل کے اعلیٰ مدارج کے حصول اور مسرت ، ترقی و خوشحالی کیلئے استعمال کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال نے ہمیں خود اعتمادی، محنت اور جدت فکر کے ساتھ زندگی کے ہر پہلو میں خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں پر اپنے یقین کو مضبوط کرنے اور اپنی عزت ِنفس ، خودی ، وقار ، مذہبی ، سماجی اور ثقافتی اقدار پرسمجھوتہ کیے بغیر نئے حل تلاش کرنے اور زندگی میں اختراعات اور تخلیقی صلاحیتوں کو لانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کی تعلیم دی۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کو نوجوانوں سے بڑا پیار تھا۔ انہوں نے نوجوانوں کو عظمت حاصل کرنے، بہادر بننے اور ایک عقاب کی مانند عظیم اور نئے امکانات کی تلاش جاری رکھنے کا درس دیا۔ ان کی غزل ستاروں سیآگے کے مشہور اشعار نے نوجوانوں کی کئی نسلوں کو متاثر کیا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے اور قوموں کی برادری میں اپنا صحیح مقام حاصل کرنے کی ہماری جستجو میں ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔