ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والے کسی کی رعایت کے مستحق نہیں،عبد الحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی شاعری نے مسلمانوں کو نیاعزم وحوصلہ اورحیات نو کا پیغام دیا بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں شہریوں کو گیس وبجلی،علاج وتعلیم کی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے مسائل ومشکلات اورپریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے ڈیمزسڑکوں میں بدعنوانی کرنے والے بلوچستان کے خیر خواہ نہیں ۔اکثرمنتخب نمائندے بدعنوان رشتہ دارٹھیکیداروں کو ٹھیکہ دیکر بدعنوانی میں ساتھ دیتے ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان کے ترقیاتی کام معیاری نہیں اور چنددنوں مہینوں میں خراب وتباہ ہوجاتے ہیں ۔ بلوچستان کو ریگستان بنانے والے آپس میں ایک اورملے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو جائزحقوق نہ دینے کی وجہ سے ہرطرف احتجاج اور حقوق کے حصول کیلئے تحریکیں جاری ہیں ۔منتخب نمائندے اور پارلیمانی جماعتیں نظام کو تباہ وبر باداور ناکام بنانے میں برابرکے شریک ہیں ۔بلوچستان کو منصوبے کے تحت وفاقی وصوبائی حکومت جماعتوں نے پسماندہ رکھا گیا ہے بلوچستان کے عوام کو نہ موٹر وے دیئے جارہے ہیں نہ گرین بسیں وجدید ٹرین سہولت دی جارہی ہے اہل بلوچستان کیساتھ یہ ظلم وناانصافی کب تک جاری رہے گی ۔ بارشوں نے دومہینے جوریلوے پل تباہ کیے اب تک حکومتی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے ٹھیک نہیں ہوئے چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ڈبل کرنے کا کام بھی ہنورسستی وغفلت کا شکار ہے ۔حکمران بلوچستان کے مظلوم عوام سے مخلص نہیں جماعت اسلامی اقتدارمیں آکر بلوچستان کو حقوق دیگی ۔جب تک بلوچستان کے عوام کو حقوق نہیں ملیں گے اس وقت تک حالات بھی ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ حکومت واپوزیشن اور اسٹبلشمنٹ کے آپس کی لڑائی کی وجہ سے معیشت اورادارے تباہ ،ملک کی سلامتی دائو پر لگی ہوئی ہیں ۔سیاست کو سازشوں کی بنیاد پر چلانا دانشمندی نہیں ۔حکمران طبقہ کیسزختم کرنا چاہتی ہے جبکہ سابق حکمران طبقہ پھر باری لینے کیلئے جائز ونائزحربے استعمال کرکے پر طول رہے ہیں ۔  ملک کی سلامتی پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ آڈیو لیکس کا نوٹس لینا یا محض تحقیقات کا اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ اس حوالے سے جلد ازجلد انکوائری کو مکمل کرکے رپورٹ پبلک کی جائے۔ ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ۔