اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الحمدللہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ مصر انتہائی کامیاب رہا،موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کے حوالے سے کاپ 27 کانفرنس پاکستان کے حوالے سے خاص طور پر بڑی نتیخہ خیز رہی ،پہلی بار نقصانات اور تباہی سے ترقی پزیر ممالک کے مالیاتی دباؤ میں اضافے کی وجہ تسلیم کیاگیا ۔کانفرنس میں پہلی بار ترقی پزیر ممالک کے نقصانات کے ازالے کے لئے مالی وسائل کی فراہمی پر عالمی اتفاق رائے ہوا ہے ،
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک طرف عوامی خدمت دوسری طرف انتشار فساد و فتنہ۔ایک طرف وہ شخص ہے جو جب سے اقتدار میں آیا ہے، ملک اور عوام کی خدمت میں مصروف ہے،دوسری طرف وہ کردار ہے جو جب سے سیاست میں آیا ہے، تباہی بربادی، انتشار اور خلفشار میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص سیلاب متاثرین کو سردی، بیماریوں، بھوک اور بیماری سے بچانے کی جدوجہد کر رہا ہے ،دوسری طرف وہ فسادی فتنہ ہے جو سڑکیں بند کرکے بیمار بچوں، ایمبولینسز کو ہسپتال پہنچنے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے ۔ایک شخص پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دہانے سے واپس لایا ہے، معاشی بنیادوں کو مضبوط بنا رہا ہے ،
دوسری طرف دھرنوں، آگ لگا دو، مار دو، مرجاؤ، جلا ؤگھیرا کا ماسٹر مائنڈ ہے جو ہوس اقتدار میں ہر ادارے، سرکاری و نجی املاک پر حملہ آور ہے ،ایک شخص سفارتی تعلقات، دوست ممالک سے تعاون کی تجدید کر رہا ہے، پاکستان کے عالمی وقار کو بحال کر رہا ہے ،دوسری طرف سازشی بیانیے گھڑنے والا مکار فریبی اور جعلساز ہے جس نے اقتدار کے لئے قومی مفادات کو دا ؤپر لگایا۔