ہم سیاست میں تشدد کے نہیں، دلیل کے قائل ہیں،پروفیسر محمد ابراہیم خان


پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابرہیم خان نے سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیاست میں تشدد کے نہیں دلیل کے قائل ہیں۔ ہم بھی عمران خان کے لانگ مارچ کی حمایت نہیں کرتے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان پر فائرنگ کی جائے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں واقعہ کی تحقیق اور تفتیش کرے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دیں۔ تمام جماعتیں عوام کو ان کے حقوق دیں اور ان کی رائے زبردستی بدلنے کی کوشش نہ کریں۔ ملاکنڈ ڈویژن کے حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک شروع کررہے ہیں۔ ملاکنڈ ڈویڑن کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا لیکن حکومت ٹیکسوں کا ظالمانہ نظام لگانا چاہ رہی ہے۔ ملاکنڈ ڈویڑن میں بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن گولین گول کی بجلی چترال کے عوام کو نہیں دی جا رہی۔ حکومت صوبے کے حقوق غصب کررہی ہے۔ جماعت اسلامی عوام میں بیداری اور شعور کے لیے ملاکنڈ ڈویڑن کی تمام سیاسی جماعتوں، تاجروں، مزدوروں، وکلاء کی تنظیموں اور مؤثر شخصیات کو شریک کرکے ایک بڑی عوامی تحریک شروع کررہی ہے۔ ہمارا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کا قیام ہے اور اس کے لیے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ عالیہ احیاء العلوم بلامبٹ میں جماعت اسلامی دیر پائین کے ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی اجتماع سے امیر ضلع اعزاز الملک افکاری اور دیگر ذمہ ڈاران نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد ابرہیم خان نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویڑن میں ٹیکسوں کا نظام معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ ملاکنڈ ڈویڑن بشمول سابقہ فاٹا میں ٹیکسوں کا نظام نہیں لگایا جائے گا لیکن حکومت اپنے وعدوں اور معاہدوں سے پِھر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اللہ کے دین اور قرآن و سنت کے لیے ہے۔ آئین میں قرآن و سنت کے جو احکام درج ہیں اسے فوری نافذ کیا جائے اور اس میں اگر کچھ کمیاں ہیں تو انھیں دور کرنے کی کوشش کی جائے۔