سیاسی مقاصد کیلئے ایف آئی آر کٹوانے سے بات نہیں بنے گی،رانا ثنا اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے ایف آئی آر کٹوانے سے بات نہیں بنے گی،پوری قیادت نے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کیا،آپ ہر معاملے پر ادارے کو گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں،آپ دوسروں کے گھروں پر حملے کرائیں گے تو آپ کے گھر بھی بچ نہیں سکیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسد عمر نے عمران خان کی طرف سے افسوناک بیان دیا، اسد عمر نے رانا ثنااللہ ، شہباز شریف اور ادارے کے افسر کا نام لے لیا، واقعے میں ملوث شخص کے بیان کے بعد بھی ایسے بیانات دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے یہ بیان لیا، اس حملہ آور کا بیان سن لیں، جب نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں سب کچھ آپ کے سامنے آجاتا ہے، اس واقعے کو بھی گھٹیا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، آپ ہر معاملے پر ادارے کو گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ کوشش ناکام ہوگی۔

رانا ثنا نے کہا کہ اس واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، واقعے پردلی اظہار افسوس کرتے ہیں، ایسے ذہن، سوچ کی ہمیشہ ہم نے مذمت،مخالفت کی ہے، برا کہا ہے برا جانا ہے، نوازشریف اور ن لیگ کی پوری قیادت نے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حملہ آور کو پی ٹی آئی کے کارکن نے خود پکڑا ، پولیس نے فوری طور پر حملہ آور کو گرفتار کیا، اس کارکن اورپولیس کی کارروائی قابل ستائش ہے، حملہ آور کا بیان سن لیں، اسے آپ کے کارکن نے پکڑا، پولیس ساتھ لیکر گئی، واقعے کوآپ نے اپنے گھٹیا سیاسی مقصد کیلئے استعمال کرنیکی کوشش کی، کارکن کے قتل، اپنے زخم کو بھی آپ نے اپنے سیاسی مقصد کیلئے استعمال کرنا شروع کردیا۔

راناثنا نے کہا کہ وزیراعظم نے اس واقعے کی رپورٹ جاری کرنے کاحکم دیا ہے، وزیراعظم نے واقعے پر حکومت پنجاب، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب سے رپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے، جے آئی ٹی بنائی جائے تاکہ تفتیش کا عمل شفاف ہو اور معتبر ہو، وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جے آئی ٹی فوری طور پر بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری نے کس بنیاد پر وزیراعظم، مجھ پر، ایک ادارے پرفائرنگ کا الزام لگایا؟ فواد چوہدری نے کہا کہ ان کے گھروں پر حملے کردو، فواد چوہدری آپ کاگھر آسمان پر نہیں یہیں ہے، فواد جو آگ آپ لگا رہے ہیں اورکوشش کر رہے ہیں اس میں آپ بھی جلیں گے، فواد! آپ دوسروں کے گھروں پر حملے کرائیں گے تو آپ کے گھر بچ نہیں سکیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ واقعے میں کسی کی کوئی کوتاہی سامنے آجائے تو یہ ذمے داری کس کی تھی؟ وفاق یا پنجاب حکومت؟ ملزم کے ابتدائی بیان کی بہت اہمیت ہوتی ہے، ملزم کے ابتدائی بیان کی بہت اہمیت ہوتی ہے، ملزم کے بیان کی ویڈیو ضرور ریکارڈ ہونی چاہیے تھی، پولیس نے بالکل درست کام کیا، پولیس نے اگر ویڈیو لیک کی تو کیا پولیس ہماری ہے؟ آپ وڈیو لیک ہونے پر بھی وزیراعظم سے استعفی مانگ رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب سے استعفی مانگیں۔

رانا ثنا نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلیے ایف آئی آر کٹوائیں، بات نہیں بنے گی، حملہ آور کی ویڈیو موجود ہے حملہ آور کو موقع سے گرفتار کیا گیا، یہ واقعی خونی لانگ مارچ تھا جس نے روانہ کسی نہ کسی کی جان لی۔