گوجرانولہ(صباح نیوز)گوجرانوالہ میں عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ و چیئرمین پی ٹی آئی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کے استقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ کے وقت عمران خان کا کنٹینر بھی اللہ والا چوک میں موجود تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے وقت علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔
اللہ والا چوک پر فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیا۔ واقعے کے بعد عمران خان کو فوری طور پر کنٹینر سے اتار کرگاڑی میں لے جایا گیا اور وہ محفوظ رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور عمران خان کے کنٹینر کے نیچے موجود تھا جس نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سے تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔فائرنگ کے باعث 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال میں علاج کے لئے منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے قریب ہونے والی فائرنگ کے بعد عمران خان الحمد للہ محفوظ ہیں، ہماری گرائونڈ ٹیم کے مطابق مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ واقعہ اللہ ہو چوک وزیرآباد کے قریب پیش آیا۔