کالعدم ٹی ایل پی کا احتجاج، گوجرانوالہ سے وزیر آباداورراولپنڈی میں تعلیمی ادارے بند


گوجرانوالہ(صباح نیوز) گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر کالعدم ٹی ایل پی کے مظاہرین کے احتجاج کے سبب جمعہ کو پورے شہر میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور دکانیں بند جبکہ گوجرانوالہ سے وزیر آباد تک تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں ،راولپنڈی میں بیشتر میں چھٹی دی گئی۔

کالعدم تنظیم کے مظاہرین نے رات گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر جنرل بس اسٹیڈ کے باہر گزاری ۔گوجرانوالہ میں مسلسل آٹھویں دن بھی معمولات زندگی متاثر رہے، ضروری استعمال کی اشیا اور اشیائے خورونوش کی قلت ہونے لگی ہے جبکہ دیہاڑی دار مزدور سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

کالعدم تنظیم کے باعث راولپنڈی میں بھی غیر یقینی صورت حال ہے، پنڈی میں مری روڈ کے ارد گرد کے کاروباری مراکز اور بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے۔فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہے، چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل ، فیض آباد سے سکستھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔راولپنڈی میں میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند رہی، راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

جڑواں شہروں میں نوکری پیشہ ، دیہاڑی دار مزدور رل گئے ہیں، راستوں کی بندش کے باعث مسافر پیدل سفر پر مجبور ہیں، مریضوں کا اسپتال جانا مشکل ہوگیا ہے۔