اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کے لیے ٹکٹ جاری کر دیا ہے، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے دستخط کے بعد ٹکٹ جاری کردیا گیا، شوکت ترین خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹ الیکشن لڑیں گے۔
جس کے لیے مشیر خزانہ آج جمعرات کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایوب آفریدی نے اپنی سینیٹ کی نشست سے استعفی دیا تھا۔ایوب آفریدی کے مستعفی ہونے سے مشیر خزانہ شوکت ترین کی سینیٹر بنانے کی راہ ہموارہو گئی تھی۔
اس ضمن میں ایوب آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو استعفی پیش کیا تھا لیکن مشترکہ اجلاس کے باعث انتظار کا کہا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری سینٹ کی نشست وزیراعظم کی امانت تھی جسے خوشی کے ساتھ واپس کیا۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے چھ ماہ کے وزیر خزانہ بنایا تھا اور امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سینیٹر اسحق ڈار کی سیٹ کی ڈی نوٹیفائی کر کے ان کی جگہ شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنایا جائے گا تاہم قانونی پیچیدگیوں کے باعث انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان نہ مل سکا جس کے باعث انہیں مشیر خزانہ کا قلمدان سونپا گیا تھا۔
تحریک انصاف کی حکومت کے دوران تین بار وزیر خزانہ تبدیل کیے گئے ہیں، حکومت ملنے کے بعد پہلی ذمہ داری اسد عمر کے سپرد کی گئی تھی تاہم بعد میں یہ ذمہ داری ان سے لیکر عبدالحفیظ شیخ کو دی گئی تاہم سینیٹ الیکشن کے دوران یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی جس کے بعد ان سے یہ عہدہ واپس لے گیا اور وقتی طور پر یہ عہدہ حماد اظہر کو دیا گیا تھا۔
حماد اظہر سے عہدہ واپس لینے کے بعد شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ بنایا گیا، شوکت ترین بغیر منتخب ہوئے صرف چھ ماہ وفاقی وزیر رہے، انکی یہ مدت 16 اکتوبر کو ہو گئی تھی، تاہم بعد میں انہیں مشیر خزانہ کے عہدے پر براجمان کیا گیا۔
واضح رہے کہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں شوکت ترین مشیر خزانہ کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ کا منصب بھی سنبھال چکے ہیں۔