اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کا کردار عظیم ترین ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے بتایا ہے کہ یو این پیس کیپنگ میں آئی جی فیصل شاہکار اقوام متحدہ کا پولیس ایڈوائزر مقرر ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ایک اور بڑے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کا کردار عظیم ترین ہے۔
خیال رہے کہ ایک اعلی پاکستانی پولیس افسر، فیصل شاہکار کو اقوام متحدہ کے شعبہ امن آپریشنز میں پولیس کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پرتگال کے لوئس کیریلو کی جگہ لیں گے جنہوں نے حال ہی میں اپنی اسائنمنٹ مکمل کی ہے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں باقاعدہ بریفنگ میں بتایا کہ فیصل شاہکر، جنہیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تعینات کیا تھا، اس عہدے پر 30 سال سے زائد کا قومی اور بین الاقوامی تجربہ رکھتے ہیں۔وہ اس وقت پاکستان میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔