سرگودھا(صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے 7نومبر 2021 سے 6دسمبر 2021 تک جاری گھر گھر تصدیقی مہم کا جائزہ لینے کیلئے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر سرگودھا کا دورہ کیا اور سرگودھا ڈویژن کے ضلعی الیکشن کمشنر ز سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر سے ملاقت کی۔ ڈپٹی ایجوکیشن الیاس باجوہ نے بھی ملاقا ت میں شرکت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، سکندر سلطان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے ہر مرحلے پر تمام عملہ تندہی سے کام کرے، گھر گھر تصدیقی مہم کے دوران عوام کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اور انکے ووٹ کے اندراج اور درستگی کو یقینی بنایا جائے،
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے میڈیا کو آگاہ کیا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے تعینات عملہ ہر گز کسی سیاسی دباو یا اثرو رسوخ کے زیر اثر نہیں آے گا انہوں نے اس طرح کی تمام افواہوں کو رد کرتے ہوئے آگاہ کیا کے الیکشن کمیشن از خود اس تمام عمل کی مانیٹرنگ کررہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب نے آگاہ کیا کہ سرگودھا ڈویژن میں گھر گھرتصدیقی مہم کا 80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اس سلسلے میں انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خدمات کو سراہا اور ان کے بھر پور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ انتخابی قوانین کے مطابق ووٹر صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر ہی یووٹ درج کر وا سکتاہے.
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سوال پر صوبائی الیکشن کمشنر نے آگاہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقات کر چکے ہیں. انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی نماندگان کی مدت 31دسمبر 2021 کو ختم ہو جاے گی اور اسکے بعد 120 روز کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتجابات کروانے کا پابند ہے.
اگر صوبائی حکومت نے الیکشن کیلیے ضروری دستاویزات مہیا نہ کیں تو پرانے قوانین کے تحت ہی الیکشن کروا دیے جائیں گے. الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور کام ہو رہا ہے،
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی الیکشن کمشنرز ہفتہ وار بنیادوں پر تمام تصدیقی عملے کے ساتھ باقاعدہ میٹنگز کرتے رہیں۔ اس دوران تمام افسران خود اپنے علاقوں کا دورہ کریں اور تصدیقی مہم کی مانیٹرنگ کریں۔
تصدیقی مہم کے دوران تصدیقی عملے اور عوام کو پیش آنیوالے مسائل کا احاطہ کر کے انہیں وقت پر حل کیا جائے۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ایجوکیشن کے حکام کو ہدایات دیں کے جو اساتذہ تصدیقی عملے کے طور پر تعینات کیے گئے ہیں انہیں تعلیمی اداروں سے وقت سے تھوڑا پہلے چھٹی دی جائے تاکہ وہ اس قومی فریضے کو سرانجام دے سکیں۔ تعلیمی اداروں میں ایسے اساتذہ کی ڈیوٹی اس طرح ترتیب دی جائے کے طالب علموں کا نقصان نہ ہو۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضلعی الیکشن کمشنر کو ہدایات دیں کے عوام الناس میں آگاہی کیلئے موثر میڈیا کمپین جاری رکھیں علاوہ ازیں کالج اور یونیورسٹیوں میں آگاہی واک اور سیمینار منعقد کئے،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے اسسٹنٹ رجسٹریشن،افسران تصدیقی عملے اور سپر وائزرز کے ساتھ بھی ملاقات کی۔
انہوں نے تحصیل بھیرہ، بھلوال،چھانٹ گاں اور ایم سی سرگودھا میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام پراطمینان کا اظہار کیا۔الیکشن سٹاف اور تصدیقی عملے نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سے درخواست کی کے گھر گھر تصدیقی مہم کیلئے مقرر وقت کو مزید 15دن کیلئے بڑھا دیا جائے جس پر صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کے وہ یہ درخواست الیکشن کمیشن تک پہنچا دیں گے۔