وزیراعظم کا خاتون صحافی کے اہلخانہ کیلئے 50 لاکھ ،وزیراعلیٰ پنجاب کا 25لاکھ امدادکا اعلان


لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم نے خاتون صحافی کے اہلخانہ کیلئے 50 لاکھ ، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ا 25لاکھ امدادکا اعلان کیا ہے جبکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ  دکھ کی اِس گھڑی میں ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خاتون صحافی صدف نعیم کے جان بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت، بلندی درجات کی دعا کی۔ صدر مملکت نے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔ اور  صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی مرحومہ کو غریقِ رحمت فرمائے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف  نے مرحومہ خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لئے 50 لاکھ مالی امداد کا اعلان کیا ہے،وزیراعظم  نے متعلقہ حکام کو ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہل خانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف جاں بحق رپورٹر صدف نعیم کے شوہر کو ٹیلی فون کیا، وزیراعظم نے صدف نعیم کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے مرحومہ کے شوہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں، جانی نقصان کا ازالہ ہرگز ممکن نہیں، پسماندگان سے ہم ہرممکن تعاون اور مدد کریں گے۔ صدف نعیم اتوار کو لاہور میں عمران خان کے لانگ مارچ کے کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہوگئی تھیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بھی خاتون صحافی کی المناک موت پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کنٹینر سے جاں بحق ہونے والی رپورٹر  صدف نعیم کا واقعہ انتہائی المناک ہے،  صدف نعیم کے اہل خانہ سے تعزیت اورانتہائی ہمدردی ہے، صدف نعیم ایک محنتی صحافی تھیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ  نے کہا کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔، مسرت جمشید چیمہ کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز الہی نے حکومت کی جانب سے صدف نعیم کے اہل خانہ کیلئے25لاکھ کا اعلان کیا ہے جبکہ محکمہ ڈی جی پی آر کی جانب سے صدف نعیم کے اہل خانہ کو 10لاکھ الگ سے دینگے

ترجمان وزیر اعلی و پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت مرحومہ کے بچوں کی کفالت کرے گی ،تعلیمی اخراجات بھی برداشت کئے جائیں گے ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،وزیر اعلی پرویز الہی اور میں انتہائی دکھی ہیں۔ پنجاب حکومت اور تحریک انصاف بطور جماعت دکھ کی گھڑی میںصدف نعیم کی فیملی کیساتھ کھڑے ہیں۔