کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن اورضلع غربی کے سابق نائب امیر ڈاکٹرگل واحد ندیم انتقال کرگئے، نماز جنازہ ان کے صاحبزادے مفتی شاہ زیب نے جامع مسجد سبحانیہ غوث نگر بلدیہ ٹاؤن میں پڑھائی جبکہ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
نماز جنازہ میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،محمد اسحاق خان،سکریٹری کراچی منعم ظفر خان ،امرائے اضلاع مدثر حسین انصاری،فضل احد، محمد اسلام ،سکریٹریزاضلاع عبد الحنان،ڈاکٹر نورالحق ،جے یو آئی کے رہنمامولانا عمر صادق ،اہل محلہ،عزیز واقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور لواحقین پسماندگان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم گل واحد ندیم انتہائی مخلص اور علمی و عملی شخصیت کے حامل تھے،انہوں نے جماعت اسلامی میں مختلف ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران لوگوں کو اپنے مخصوص انداز میں دروس قرآن کے ذریعے اقامت دین ، تعمیرکردار اور فکر آخرت کی طرف متوجہ کیا ،مرحوم عوام کے لیے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے، وہ لوگوں کے دلوں میں بستے تھے ،ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔