کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام جدید تعلیم میں رکاوٹ نہیں بلکہ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کانام ہے ،اسلام زندگی کے تمام شعبوں میںرہنمائی کے لیے اسلام ایک مکمل نظام ہے جس سے عام انسان بھی مستفید ہوتا ہے،دولت کا چند ہاتھوں میں سمٹنا ہی دراصل سرمایہ دارانہ نظام ہے ،جو امیر کو امیر اور غریب کو مزید غریب کردیتا ہے ، اسلامی نظام پسماندگی اوربے بسی نہیں بلکہ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا نام ہے ،تعلیم وتحقیق اور ترقی اگر اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے ہو تو اسلام ایسی تمام کوششوں اور اقدامات کو پسندکرتا ہے اور اس میں برکت ہوتی ہے ،اسلامی نظام ہوگا تو سب کے لیے تعلیم کے حصول کے مکمل مواقع ہوں گے ،سب کو یکساں حقوق ملیں گے ،اسی لیے اسلام کو ایک مکمل دین کہا جاتا ہے ۔اسلامی جمعیت طالبات کی کارکنان اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ذرائع ابلاغ کا درست استعمال کر کے دعوت دین کے پیغام میں مزید وسعت پیدا کریں ،کالجز اور یونیورسٹیز میں بھی دعوت کو عام کریں جوکہ انتخابات میں جماعت اسلامی کے لیے مفید ثابت ہوگی،حالیہ سروے کے مطابق کراچی میں نا صرف بلدیاتی انتخابات بلکہ اب قومی انتخابات کے لیے بھی جماعت اسلامی کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں اسلامی جمعیت طالبات کے تین روزہ تربیتی اجتماع سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ اسلامی جمعیت طالبات اقامت دین کی تحریک ہے ، جو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے ،اسلام محض ظاہری چیزوں کانام نہیں بلکہ ایک آفاقی دین ہے جو زندگی کے تمام شعبے سے تعلق رکھتا ہے اوررہنمائی کرتا ہے، جب انفرادی و اجتماعی زندگی میں اسلامی نظام کا نفاذ نہ ہوتو ہر کلمہ گو انسان کی ذمہ داری ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق جدوجہد کرے،بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ایسے معاشرے جس میں اللہ کے بجائے انسانوں کی حاکمیت ہو انسانوں کو غلامی سے نکالنا اور ایک اللہ کی حاکمیت قائم کرنے کے لیے جدوجہد ناگزیر ہوجاتی ہے اور یہی جماعت اسلامی کی جدوجہد اور مقصد ہے ، ہم نے اپنی دعوت کو عوام کے مسائل کے حل کے لیے عام کیا جس کی وجہ سے جماعت اسلامی کو بھرپور پذیرائی ملی ۔
انہوں نے کہاکہ طالبات اسلامی نظریے کا گہرا مطالعہ کریں ، دین کے تمام پہلوؤں کو سمجھیں اور داعی کے اوصاف پیدا کریں۔